لکھنؤ25جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ مرکز کی موجودہ حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہندوستانی جمہوریت کے اقدار اور اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر اپنی من مانی کرنے کی کوشش کی ہے۔ محترمہ مایاوتی نے جمعہ کو یہاں ملک کے باشندوں کو 70 ویں یوم جمہوریہ پرمبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اب کچھ نیاکرنے کا وقت قریب آ گیا ہے تاکہ ملک کے آئین کو نیک ارادے کے ساتھ عوامی بہبودکے لیے نافذ کیا جائے جس سے سواسو کروڑ غریب اور محنت کش لوگوں کی زندگی خوشحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بی جے پی حکومت نے ہندوستانی جمہوریت کے اقدار اور اصولوں کو بالائے طاق پر رکھ کر من مانی کی ہے جو بدقسمتی کی بات ہے۔